باپ کی موت کے بعد ایک دن خاتون نے اس کا بٹوہ کھول کر دیکھا

برطانیہ میں ایک خاتون نے اپنے باپ کی موت کے بعد ایک دن اس کا بٹوہ کھول کر دیکھا تو اس میں ایسی تصویر نظر آ گئی کہ اسے زندگی کا سب سے زور دار جھٹکا لگ گیا۔ وہ سوچ بھی نہ سکتی تھی کہ اس کے ماں باپ ایسی چیز بھی اس سے مخفی رکھ سکتے ہیں۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق بٹوے میں الیسن ہولڈرنیس نامی اس خاتون کی آنجہانی والدہ کی پرانی تصویر تھی جس نے گود میں ایک بچی کو اٹھا رکھا تھا۔ اس تصویر سے برطانوی شہر سٹیون ایج کی رہائشی الیسن پر یہ راز منکشف ہوا کہ اس کی ایک اور بہن بھی ہے جس کے متعلق اس کے ماں باپ نے اسے کبھی نہیں بتایا تھا۔ تحقیق کرنے پر اسے معلوم ہوا کہ اس کی یہ بہن گزشتہ 20سال سے ایتھوپیا میں رہائش پذیر ہے اوراس کا نام جینی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جینی کو بھی اپنی بہن الیسن کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔بالآخر دونوں بہنیں معروف ٹی وی شو ’لانگ لاسٹ فیملی‘ کے ذریعے گزشتہ دنوں زندگی میں پہلی بار ایک دوسرے سے ملیں اور تادیر ایک دوسری کو گلے لگا کر روتی رہیں۔ شو میں الیسن کا کہنا تھا کہ ”مجھے سمجھ نہیں آتی کہ میرے ماں باپ نے مجھ سے یہ بات کیوں چھپائے رکھی۔ میری ماں کا انتقال 1996ءمیں ہوا جبکہ والدکچھ عرصہ قبل دنیا سے گزرگئے۔ جینی میری سوتیلی بہن ہے۔ مجھے خدشہ تھا کہ شاید اسے میرے ماں کی طرف سے لاوارث چھوڑ دیا گیا ہو گا اور وہ اس پر بہت غصے میں ہو گی اور مجھ سے نہیں ملنا چاہے گی لیکن وہ ایتھوپیا سے آکسفورڈ آئی اور ہمارے انتہائی جذباتی ماحول میں ملاقات ہوئی۔“ الیسن نے مزید بتایا کہ ”جب میں نے اپنے باپ کے بٹوے میں یہ تصویر دیکھی تو پہلے میں سمجھی کہ یہ میں ہوں جسے میری ماں نے گود میں اٹھا رکھا ہے۔ لیکن جب میں نے تصویر کو الٹ کر دیکھا تو اس کے پیچھے میری ماں اور جینی کا نام لکھا تھا اور تاریخ1951ءکی لکھی ہوئی تھی۔ تب مجھے احساس ہوا کہ یہ میری بہن ہے جسے میری ماں نے اٹھا رکھا ہے۔“

loading...

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.